ممبئی،31؍جنوری(ایس او نیوز؍یو این آئی) شہر ممبئی میں لوکل ٹرین میں عام مسافروں کو یکم فروری سے سفر کرنے کی اجازت رہے گی اور اس کے لیے مخصوص اوقات مقرر کیے گئے ہیں لیکن ان اوقات کی خلاف ورزی کرنے والوں اور غیر ضروری سفر کرنے والوں کو جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔
محکمہ ریلوے کے مطابق اگر مسافر اوقات پر عمل نہیں کریں گے اور سفر کے دوران پکڑے جائیں گے تو ان سے 200 روپے کا جرمانہ وصول کیا جائے گا، جس کی ادائیگی نہ کرنے پر ایک ماہ کی جیل بھی ہو سکتی ہے۔
واضح رہے کہ ممبئی لوکل ٹرین میں سفر کرنے والے عام مسافروں کے لیے وقت مقرر کیا گیا ہے۔ پہلی ٹرین صبح 7.00 بجے سے چلے گی، اس کے بعد دوپہر 12.00 بجے سے شام 4 بجے تک سفر کی منظوری دی جائے گی، اس کے بعد رات 9.00 بجے سے آخری ٹرین تک سفر کیا جا سکے گا۔
ملک میں کورونا وائرس کی وباء پھیلنے کے پیش نظر مارچ سے لوکل ٹرینوں کی آمدو رفت بند کر دی گئی تھی، اس کے بعد لازمی خدمات کے ملازمین کو سفر کرنے کی منظوری دی گئی۔ اس کے بعد خواتین کو صبح 11 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک اور شام 7 بجے سے آخری ٹرین تک سفر کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔
اب حکومت اور محکمہ ریلوے نے عام مسافروں کو بھی سفر کرنے کی اجازت فراہم کر دی ہے۔ موجودہ حالات میں یہ مشکل ہے کہ عام مسافر مقررہ اوقات میں ہی سفر کریں گے، بلکہ وہ کئی مراحل میں سفر کرنے پر مجبور ہوں گے۔